لاہور (دنیا نیوز) معروف غزل گائیک حبیب ولی محمد کو مداحوں سے بچھڑے 4 برس بیت گئے لیکن ان کے گائی ہوئی غزلیں آج لوگوں پر سحر طاری کردیتی ہیں۔ حبیب ولی محمد کا شمار پاکستان کے مشہور غزل گائیکوں میں ہوتا ہے۔
انہیں شہرت بہادر شاہ ظفر کی غزل "لگتا نہیں ہے دل میرا اجڑے دیار میں سے ملی۔ وہ برما کے شہر رنگون میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق کامیاب کاروباری میمن گھرانے سے تھا۔ کاروباری گھرانے سے تعلق کے باوجود گلوکاری ان کا شوق بن چکا تھا۔
ان کی آواز میں سوز و درد ایسا تھا کہ جیسے وہ غزل گائیکی کیلئے ہی ہو، حبیب ولی محمد نے فلمی گیت بھی گائے اور شہرت کی بلندیوں پر پہنچے۔ انہوں نے متعدد قومی نغمے بھی گائے جو آج بھی پسند کئے جاتے ہیں۔ حبیب ولی محمد 4 ستمبر 2014 کو 93 برس کی عمر میں امریکی شہر لاس اینجلس میں دنیا سے رخصت ہوئے۔ ان کی منفرد گائیکی آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے۔