ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ پر طویل عرصے سے راج کرنے والے شاہ رخ خان کہتے ہیں کہ وہ فقیر منش آدمی ہیں، خود پر کوئی پیسہ خرچ نہیں کرتے اور نہ ہی ان کی کوئی ذاتی خواہش ہے۔
معروف بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان کا کہنا ہے میں خود کو فقیر مانتا ہوں، مجھے صرف اپنے بچوں کی خواہشات پوری کرنا اچھا لگتا ہے، میں اپنی کامیابی کا جشن نہیں مناتا۔ اگر کوئی مجھے لگاتار سات دن ملے تو وہ مجھے ایک ہی لباس میں پائے گا ۔ شاہ رخ کا مزید کہنا تھا کہ وہ خود پر بالکل پیسے خرچ نہیں کرتے اور نہ ہی اپنے لیے کچھ خریدتے ہیں۔
شاہ رخ نے انکشاف کیا کہ ان کی کوئی ذاتی خواہشات نہیں، وہ موسیقی سنتے ہیں تو سپیکرز نہیں لیتے۔ ان کا کہنا ہے مجھے بڑی چیزیں پسند ہیں۔ اس لیے میرے پاس بڑا گھر ہے، بڑا دفتر ہے، بڑی فلمیں ہیں اور میری تمام کمائی ان چیزوں پر ہی خرچ ہوتی ہے۔ کامیاب اداکار بننے پر شاہ رخ نے فلموں سے ہٹ کرکئی کاروبار کیے جس میں ایک سٹوڈیو، ان کی آئی پی ایل ٹیم اور دوسرے ممالک میں جائیدادیں شامل ہیں۔ اس حوالے سے شاہ رخ کا کہنا ہے مجھے محسوس ہوتا ہے کہ ہمیشہ کچھ نیا کرتے رہنا چاہیے اور ہارنے سے کبھی نہیں ڈرنا چاہیے۔