لاہور: (ویب ڈیسک) نوبیل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی، بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی مداح ہیں، اس بارے میں تو شاید سب ہی جانتے ہیں اور اب وہ شاہ رخ سے آکسفورڈ یونیورسٹی میں ملاقات بھی کرنے جارہی ہیں، اس حوالے سے دونوں کے درمیان ٹوئٹر پر پیغامات کا تبادلہ ہوا۔
بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی سے جلد ملاقات کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملاقات میرے لیے اعزاز کی بات ہو گی۔ بالی ووڈ کے کنگ خان اور ملالہ یوسف زئی کے درمیان ملاقات برطانوی یونیورسٹی آکسفورڈ میں متوقع ہیں جہاں شاہ رخ خان طالب علموں سے اپنے تجربات اور مشاہدات سے متعلق تبادلہ خیال کریں گے اور طالب علموں کے سوالوں کے جواب دیں گے۔
شاہ رخ اور ملالہ یوسف زئی کے درمیان متوقع ملاقات کی کہانی کا آغاز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ہوا جب آکسفورڈ یونیورسٹی سے ملحق لیڈی مارگریٹ ہال کالج کے پرنسپل ایلن رسبریڈگر نے اپنی ٹویٹ میں شاہ رخ خان کو مینشن کرتے ہوئے آکسفورڈ یونیورسٹی کے ایک مباحثے میں شرکت کی دعوت دی۔
ایلن رسبریڈگر جو کہ ایک صحافی بھی ہیں نے مباحثے میں شرکت کی دعوت 2016 میں ایک ٹویٹ میں دی تھی۔ اس ٹویٹ تھریڈ کا آغاز شاہ رخ کی اداکارہ عالیہ بھٹ اور مصنفہ و سماجی کارکن کوثر منیر کی گئی ایک ٹویٹ کے جواب سے ہوا تھا تاہم شاہ رخ خان کی نظر سے برطانوی پرنسپل کی ٹویٹ اوجھل رہی تھی۔
کہانی میں غیر متوقع موڑ اُس وقت آیا جب ملالہ یوسف زئی نے دو سال بعد برطانوی پرنسپل کی ٹویٹ کے جواب میں شاہ رخ کو لکھا کہ میں اب تک یونیورسٹی میں آپ کی آمد کی منتظر ہوں۔ خوش قسمتی سے یہ ٹویٹ شاہ رخ خان کی نظر سے اوجھل نہیں رہ سکی اور معروف اداکار نے بے پناہ مصروفیت کے باوجود ٹویٹ کا جواب دیا۔
شاہ رخ کا ملالہ کی ٹویٹ کے جواب میں کہنا تھا کہ یقینی طور پر یہ ایک خوبصورت ملاقات ہوگی جو میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔ میری ٹیم اس ملاقات کے جلد از جلد انعقاد کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے گی۔