ممبئی: (ویب ڈیسک) معروف بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی نے کہا ہے کہ اداکار فلمیں سائن کرنے سے قبل معاہدے میں جنسی ہراسانی سے متعلق شق شامل کروائیں۔
بالی ووڈ میں بولڈ سین فلمانے کے حوالے سے مشہور اداکار عمران ہاشمی نے کہا ہے کہ اداکاروں کو چاہیے کہ فلمیں سائن کرنے سے قبل فلمسازوں کے ساتھ کیے جانے والے معاہدے میں جنسی ہراسانی سے متعلق شق شامل کروائیں تاکہ ہراسانی اور بدسلوکی جیسے واقعات سے محفوظ رہ سکیں۔
عمران ہاشمی نے ’’می ٹو‘‘مہم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اچھا آغاز ہے کیونکہ ہر طرح کے حالات میں خواتین کی حفاظت کی ذمہ داری مردوں پر ہوتی ہے اور یہ ہمارا اخلاقی فرض ہے کہ ہم خواتین کی حفاظت کریں۔ ’’می ٹو‘‘مہم کے تحت اٹھنے والی بہت سی آوازیں سچ پر مبنی ہیں لیکن کچھ خواتین جنسی ہراسانی اور می ٹو مہم کو ایجنڈے کے طور پر استعمال کرسکتی ہیں۔
عمران ہاشمی نے کہا کہ انہوں نے مختلف پروڈکشن ہاؤسز کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے بعد جنسی ہراسانی کی شق اپنے معاہدے میں شامل کروانے کا فیصلہ کیا، یہ اقدام خواتین کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور مردوں کو اپنی حدیں پار کرنے سے روکتا ہے۔