ممبئی: ( آن لائن )نیپالی نژاد بولی وڈ اداکارہ منیشا کوائرالا نے اعتراف کیا ہے کہ کینسر کی بیماری ان کے لیے غنیمت ثابت ہوئی اور اب وہ مکمل علاج کے بعد بہترین اور پہلے سے اچھی زندگی گزار رہی ہیں۔
48 سالہ منیشا کوئرالا اگرچہ پہلے بھی کینسر کی بیماری پر کھل کر بات کر چکی ہیں، تاہم اب انہوں نے اس موذی مرض سے لڑنے اور اس سے جان چھڑانے پر ایک کتاب لکھی ہے، جسے شائع کردیا گیا۔
منیشا کوئرالا 2012 میں ’اورین کینسر‘ میں مبتلا ہوگئیں تھیں اور کئی ماہ تک ان کا علاج ہوا تھا، بعد ازاں امریکا میں ان کی سرجری کی گئی تھی۔سرجری کے بعد اداکارہ کو کینسر فری قرار دیا گیا تھا اور کینسر فری زندگی کے 6 سال مکمل ہونے پر انہوں نے بیماری سے لڑنے اور اس میں کامیابی حاصل کرنے پر کتاب لکھی ہے، جس میں انہوں نے کھل کر بات کی۔ 48 سالہ منیشا کوئرالا نے اپنی کتاب ’ہیلڈ: ہاور کینسر گیو می اے نیو لائف‘ میں اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ انہیں یہ جان لیوا بیماری اپنی ہی غفلت کی وجہ سے لگی۔
انہوں نے خود اپنے اوپر ظلم کیا، تاہم اب وہ کینسر کی بیماری کو اپنے لیے غنیمت سمجھتی ہیں۔اداکارہ نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے جسم کی حفاظت نہیں کی اور انتہائی لاپرواہ طرز زندگی کی وجہ سے انہیں کینسر لاحق ہوا۔