ممبئی: (روزنامہ دنیا) بھارتی ہدایت کار روہت شیٹھی کی فلم سمبا کھڑکی توڑ بزنس کر رہی ہے اور اسی کے ساتھ وہ بالی وڈ کے 100 کروڑ کلب کے بھی بے تاج بادشاہ بن گئے ہیں۔
فلم نا صرف ریلیز کے 5 دنوں میں 100 کروڑ کلب میں شامل ہو گئی ہے بلکہ یہ فلم روہت شیٹھی کی ہدایت کاری میں بننے والی آٹھویں فلم ہے جس نے 100 کروڑ کا ہندسہ عبور کیا ہے۔ بالی وڈ تجزیہ نگار ترن آدرش کے مطابق روہت شیٹھی نے بطور ہدایت کار بالی وڈ میں سب سے زیادہ 100 کروڑ کمائی والی فلمیں بنانے کا ریکارڈ قائم کر لیاہے۔
رنویر سنگھ اور سارہ علی خان نے سمبا میں مرکزی کردار ادا کیا ہے، خواتین کے خلاف ریپ کیسز کو اس فلم کا موضوع بنایا گیا ہے جس میں خواتین کو درندے نما انسانوں سے نجات حاصل کرتے دکھایا گیاہے۔ سمبا کی 100 کروڑ کمائی سے رنویر سنگھ کی کامیاب فلموں میں ایک نیا اضافہ ہوا وہیں یہ فلم سارہ علی خان کی تیزی سے ریکارڈ پیسے کمانے والی پہلی فلم بن گئی۔