ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ سارا علی خان کو کیرئیر کے آغاز پر ہی ہٹ فلموں کے سبب ان دنوں میڈیا میں غیر معمولی پذیرائی مل رہی ہے تاہم ان کے والد سیف علی خان اس پر خوش ہونے کی بجائے پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔
سارا نے فلم ’کیدرناتھ‘ کے ذریعے بالی وڈ میں قدم رکھا اور اپنی شاندار اداکاری کے باعث فلم بینوں کے دلوں میں گھر کر لیا۔ فلم کی شوٹنگ کے دوران سارا علی تنقید اور اندیشوں کی زد میں بھی رہیں لیکن انھوں نے اپنی ساری توجہ اپنے کام پر مرکوز رکھی جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ پہلی فلم ہی متعدد منجھی ہوئی اداکاراوں کی فلموں کے باوجود باکس آفس پر چھا گئی۔ ان کی دوسری فلم سمبا بھی بھرپور کامیاب رہی اور صرف ممبئی باکس آفس پر 83 کروڑ کا بزنس کیا۔
ان کامیابیوں پر سارا علی خان فلم شائقین پر تو اپنی اداکاری کی دھاک بٹھا چکی ہیں، متعدد فلم پروڈیوسرز بھی اب انہی کو اپنی فلموں میں کاسٹ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ میڈیا پر سارا علی غیر معمولی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں اور ان پر بہت کچھ لکھا جا چکا ہے جس پر اُن کے والد سیف علی خان محتاط رویہ اختیار کرنے کے حق میں ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سیف علی خان بیٹی سارا علی کو میڈیا کی ضرورت سے زائد توجہ سے بچانا چاہتے ہیں تاکہ سارا بے تحاشا ملنے والی شہرت کی بجائے کام پر توجہ رکھیں کیونکہ راتوں رات ملنے والی شہرت اتنی ہی تیزی سے ختم بھی ہو جاتی ہے۔ تاہم سیف علی خان نے اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ کرنے کا اختیار سارا علی پر چھوڑ دیا ہے۔
یاد رہے کہ سارا علی خان کے ساتھ بالی وڈ میں ڈیبیو کرنے والی جھانوی کپور کے والد بونی کپور اپنی بیٹی کے مقابلے سارا علی کو میڈیا کی زیادہ توجہ ملنے پر پریشانی کا شکار ہو گئے تھے اور انہوں نے جھانوی کپور کو تشہیری ٹیم بدلنے کی رائے دی تھی۔