ممبی: (ویب ڈیسک) معروف بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹھی کے خلاف لاکھوں روپے پر مشتمل قرض واپس نہ کرنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ ان پر الزام لگانے والا شخص میڈیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے.
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک کار شو روم کے مالک سریندر نے شلپا شیٹھی کی پوری فیملی پر قرض کی عدم واپسی کا مقدمہ درج کروا دیا ہے جس میں اداکارہ کی فیملی پر یہ الزام عائد کیا گیا کہ 2015 میں شو روم مالک نے شلپا شیٹھی کے والد کو کاروبار کے لئے 21 لاکھ روپے کی رقم دی جسے سود کے ساتھ 2017 تک ادا کرنا تھا۔
شلپا شیٹھی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ان کا والد کے کاروبار میں کبھی کوئی کردار نہیں رہا اور نہ ہی انھیں کمپنی کے لین دین کا کوئی علم ہے۔ ان پر الزام لگانے والا شخص صرف میڈیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، وہ اس شخص کو فیملی کار کے مکینک کے طور پر جانتی ہیں۔ واضح رہے کہ شلپا شیٹھی سمیت اُن کے خاندان کو رواں ماہ سماعت کے لئے عدالت طلب کر لیا گیا ہے۔