ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان اور باربی ڈول کترینہ کیف 2019ء میں ’بھارت‘ میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
سلمان خان کے مداح ان کی کترینہ کیف کے ساتھ جوڑی کو بہت پسند کرتے ہیں بلکہ ان کی خواہش بھی رہی ہے کہ دونوں کی شادی ہو جائے۔ سلمان خان نے اس مرتبہ اس خواہش کو پورا کرنے کی ٹھان لی ہے، مگر وہ یہ شادی حقیقت میں نہیں بلکہ نئی آنے والی فلم ’بھارت‘ میں کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان اور کترینہ کیف ان دنوں فلم بھارت کی شوٹنگ میں مصروف ہیں ان دنوں اداکار ایک گیت کے لیے شادی کی شوٹنگ کر رہے ہیں جو شادی کے سین پر مبنی ہے۔
واضح رہے کہ ہدایت کار علی عباس ظفر کی فلم ’بھارت‘ میں سلمان خان کے ہمراہ کترینہ کیف، کینیڈین اداکارہ نورا فتیحی، دیشا پٹانی، تبو اور سنیل گروور بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ یہ فلم 2019ء میں عید کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔