ممبئی: (روزنامہ دنیا) نامور بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ نے ہجوم پر چھلانگ لگا کر مداحوں کو زخمی کرنے پر معافی مانگ لی۔ اداکار کا کہنا تھا کہ انھیں اپنی غلطی کا احساس ہو گیا ہے۔
گزشتہ روز رنویر سنگھ اپنی فلم ‘‘گلی بوائے’’ کی تشہیر کے دوران گانا گاتے ہوئے اتنے پرجوش ہو گئے تھے کہ ہجوم پر چھلانگ لگا بیٹھے، رنویر کے اس عمل سے کئی مداح زخمی ہو گئے۔ مداحوں پر اچانک چھلانگ لگانے پر رنویر سنگھ کو گزشتہ روز سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
چند مداحوں نے انہیں وہ تمام ٹویٹس بھیجیں جن میں سوشل میڈیا صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پر رنویر نے فوراً جوابی ٹویٹ کی اور گزشتہ روز ہونے والے واقعے پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تمام مداحوں سے معافی مانگی۔ رنویر نے شرمندہ ہوتے ہوئے لکھا کہ انہیں اپنی غلطی کا احساس ہے اس کے ساتھ ہی رنویر نے انہیں سپورٹ کرنے والے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔