کیرالا: (روزنامہ دنیا) کیرالا جیل کے ڈائریکٹر جنرل پولیس رشی راج سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ لیجنڈ اداکارہ سری دیوی کی موت حادثہ نہیں بلکہ انہیں قتل کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی اخبار میں ڈی جی پی شری راج سنگھ کا سری دیوی کی موت کے حوالے سے مضمون شائع ہوا جس میں انہوں نے تہلکہ خیز انکشاف کئے۔ انہوں نے آنجہانی فارنسک سرجن ڈاکٹر عما دھتن کا حوالہ دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ ڈاکٹر نے مجھے بتایا تھا کہ سری دیوی کی موت قتل کا شاخسانہ ہو سکتی ہے۔
شری راج سنگھ کے مطابق میں نے اُن سے وجہ پوچھی تو انہوں نے کچھ باتوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ بہت سارے ثبوت ایسے بھی ہیں جس سے ثابت ہو سکتا ہے کہ سری دیوی کی موت محض ایک حادثہ نہیں بلکہ قتل تھا۔ ڈی جی پی نے مضمون میں یہ بھی لکھا کہ ڈاکٹر عمادھتن کے مطابق ایسا ممکن نہیں کہ کسی دوسرے شخص کی ڈبانے کی کوشش کے بغیر کوئی بھی ایک پاؤں یا سر کے ساتھ باتھ ٹب میں ڈوب جائے۔