ممبئی : (ویب ڈیسک) بالی وڈ ہیرو سلمان خان 53 برس کے ہو چکے ہیں تاہم ابھی تک کنوارے ہیں۔ ان کے پرستار انھیں شادی شدہ دیکھنا چاہتے ہیں تاہم اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ انھیں طویل فلمی کیرئیر کے دوران کسی لڑکی نے کبھی پروپوز نہیں کیا۔
بالی وڈ ہیرو سلمان خان کا فلمی کیرئیر 25 سال پر محیط ہے، اس دوران ان کا نام متعدد اداکاراؤں کے ساتھ جوڑا جاتا رہا حتی کہ شادی کی خبریں بھی آتی رہیں اس کے باوجود یہ سسلسلہ چہ مگوئیوں تک ہی محدود رہا اور سلو بھائی کنوارے ہی رہے۔
گزشتہ عرصہ قبل بالی وڈ میں شادیوں کا سیزن چلا تھا، کئی اداکارائیں جو طویل وقت سے کنواری چلی آ رہی تھیں پیا گھر سدھار گئیں، ان میں انوشکا شرما، دپیکا پڈوکون، پریانکا چوپڑا اور نیہا دھوپیا جیسی اداکارائیں شامل ہیں۔ شنید تھی کہ اب سلمان خان بھی شادی کرلیں گے لیکن ابھی تک معاملہ رکا ہوا ہے۔
سلمان خان کے جہاں کئی اداکاراؤں تعلقات رہے ہیں وہیں یہ خیال بھی کیا جاتا رہا کہ انہیں اداکاراؤں نے شادی کی پیش کش بھی کی ہوگی۔ تاہم اب سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی 53 سالہ زندگی میں آج تک کسی لڑکی نے انہیں شادی کی پیش کش نہیں کی۔