ممبئی: (ویب ڈیسک ) بھارتی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد کی نمائندہ تنظیم انڈین سینے ورکرز ایسوسی ایشن نے پاکستان میں پرفارم کرنے کی پاداش میں اپنے ہی ملک کے گلوکار میکا سنگھ پر پابندی لگا دی۔
نامور بھارتی گلوکار میکا سنگھ نے گزشتہ ہفتے پاکستان کے شہر کراچی میں شادی کی ایک تقریب کے دوران لائیو پرفارمنس کی تھی، اور اسی وقت بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے باعث دونوں ممالک میں کشیدگی عروج پر پہنچ چکی تھی، لہٰذا میکا سنگھ کی پرفارمنس کی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد آل انڈین سینے ورکرز ایسوسی ایشن (اے آئی سی ڈبلیو اے) نے میکا سنگھ پر پابندی عائد کرتے ہوئے ان کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کر دیا۔
ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کے گئے بیان کے مطابق انہوں نے میکا سنگھ کے ساتھ فلم پروڈکشن ہاؤسز، میوزک کمپنیز اور آن لائن میوزک وغیرہ کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سینے ایسوسی ایشن کے صدر سریش گپتا کا کہنا ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ بھارت میں کوئی بھی میکا سنگھ کے ساتھ کام نہ کرے اور اگر کسی نے ایسا کیا تو اسے قانونی کارروائی کا سامنا ہوسکتا ہے۔