لاہور: (روزنامہ دنیا) ٹی وی کے سینئر اداکار بہروز سبزواری نے کہا ہے کہ مجھے شوبز کی دنیا میں پچاس مکمل ہو گئے ہیں اور میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے لیجنڈز کے ساتھ کام کر کے سیکھنے کا موقع ملا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک انٹر ویو میں بہروز سبزواری نے کہا کہ ڈرامہ سیریل ’’خدا کی بستی‘‘ سے کیرئیر کا آغاز کیا اور مجھے گمان بھی نہیں تھاکہ فن کا اتنا طویل سفر طے کر لوں گا۔ اداکار کا کہنا تھا کہ قوی خان، عرفان کھوسٹ، طلعت حسین، منور سعید، کنول نصیر جیسے لیجنڈ اداکار میرے سینئرز ہیں جنہیں ٹی وی پر پانچ دہائیوں سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور خوش قسمت ہوں کہ ان کیساتھ کام کیا۔
واضح رہے کہ ہبروز سبزواری کے بیٹے شہروز سبزواری بھی شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں، انہوں نے 2004 میں ڈرامہ سیریل انا سے کیرئیر کا آغاز کیا اور تنہائیاں نئے سلسلے، یہ زندگی ہے، بلو ببلو اور بھیا سمیت متعدد ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے، ان کی بہو سائرہ بھی ماڈلنگ اور اداکاری سے وابستہ ہیں۔