لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے مشہور اداکار شان شاہد نے اسحق ڈار کی طرف سے بی بی سی کو دیئے انٹرویو پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وفاقی وزیر خزانہ کا یہ انٹرویو ملک کی بدنامی کا باعث ہے۔
اداکار شان شاہد نے اسحٰق ڈار کی تصویر شیئر کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ان کے جھوٹ کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام خراب ہو رہا ہے۔
انہوں نے سابق وزیر خزانہ کے خلاف ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کو مینشن کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسحٰق ڈار اور ان جیسے دیگر جھوٹے افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔
@ImranKhanPTI pic.twitter.com/5FOMARCMdx
— Shaan Shahid (@mshaanshahid) December 1, 2020
اداکار نے تجویز دی کہ حکام کو دیوار بنانی چاہیے، جس پر ایسے تمام جھوٹے افراد کی تصاویر آویزاں کرکے قوم کو ان کا مکروہ چہرا دکھایا جائے اور عوام کو بتایا جائے کہ جھوٹ کی جیت کبھی بھی نہیں ہوسکتی۔
یہ بھی پڑھیں: بی بی سی کا اسحاق ڈار سے سخت انٹرویو، سابق وزیر خزانہ کے پسینے چھوٹ گئے
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ اسحٰق ڈار جیسے لوگ اپنی روح کو بیچ کر غلط طریقے سے دولت بناتے ہیں اور حکومت کو ان سے پوری دولت لینی چاہیے۔ ڈار اور ان جیسے لوگوں کو پاکستان کی سیاسی تاریخ پر ایک داغ کی مانند سمجھا جانا چاہیے۔
شان شاہد کی مذکورہ ٹوئٹ پر کئی افراد نے ان کی حمایت کی جب کہ درجنوں افراد نے ان سے اختلاف بھی کیا۔ شان شاہد نے اسحٰق ڈار کے بی بی سی پر انٹرویو نشر ہونے کے بعد ٹوئٹ کی تھی۔ اسحٰق ڈار کا انٹرویو بی بی سی کے پروگرام ہارڈ ٹاک پر یکم دسمبر کو نشر ہوا تھا۔