بھارتی کسانوں کی حمایت میں بولنے پر فواد چودھری نے گلوکارہ ریحانہ کی تعریف کر ڈالی

Published On 03 February,2021 05:27 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس و ٹکینالوجی فواد چودھری نے بھارت میں ہونے والے مظاہروں میں کسانوں کی حمایت میں بولنے پر ہالی ووڈ گلوکارہ ریحانہ کی تعریف کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں کسانوں کے حکومت مخالف احتجاج نے عالمی توجہ حاصل کرلی ہے، یہاں تک کہ ہالی ووڈ پاپ سٹار ریحانہ نے بھی بھارتی کسانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے حق میں آواز بلند کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ریحانہ بھی بھارتی کسانوں کے حق میں بول پڑیں

گزشتہ روز گلوکارہ ریحانہ نے بھارتی کسانوں کے احتجاج کی خبر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئرکراتے ہوئے لکھا تھا کہ کیوں ہم اس کے بارے میں بات نہیں کررہے؟ اس کے ساتھ انہوں نے کسانوں کا احتجاج ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

واضح رہے کہ گلوکارہ ریحانہ کی جانب سے بھارتی کسانوں کی حمایت کرنا بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو ذرا بھی پسند نہیں آیا اور انہوں نے ریحانہ کو بیوقوف قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی اس بارے میں اس لیے بات نہیں کررہا کیونکہ یہ کسان نہیں بلکہ دہشت گرد ہیں جو بھارت کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ چین ہماری ٹوٹی ہوئی کمزور قوم پر قبضہ جماسکے اور امریکا کی طرح اسے ایک چینی کالونی بناسکے۔ کنگنا رناوت نے ریحانہ کو بیوقوف کہتے ہوئے کہا ہم تمہاری طرح اپنی قوم نہیں بیچ رہے۔

وفاقی وزیر فواد چودھری نے ریحانہ کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے دنیا بھر کے تمام کسانوں اور خصوصاً دنیا بھر کے پنجابیوں کو عزت بخشی اوران کے دلوں میں اپنے لیے عزت بنالی ہے۔ آپ نے ظاہر کیا ہے کہ آپ کا دل صحیح جگہ (کسانوں کے ساتھ) ہے۔ آپ کے لیے بہت سارا احترام۔
 

Advertisement