لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور ترکی کے ڈرامہ اور فلم ساز پروڈکشن کمپنیز نے عالمِ اسلام کی عظیم شخصیت سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ڈرامہ سیریز بنانے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ سلطان صلاح الدین ایوبی، ایوبی سلطنت کے بانی تھے اور انہوں نے صلیبیوں کو شکست دے کر 1187 میں 9 دہائیوں بعد بیت المقدس کو دوبارہ آزاد کرایا تھا۔
ان کی ایوبی سلطنت نے مصر، شام، یمن، عراق، حجاز اور دیار باکر پر حکومت کی وہ اپنی بہادری، فیاضی، حسن اخلاق، سخاوت اور بردباری کے باعث جانے جاتے تھے۔
پاکستان اور ترکی کی پروڈکشن کمپنیوں کے درمیان یہ معاہدہ 20 اگست کو سربیا میں طے پایا اور معاہدے کے وقت پاکستانی اداکار عدنان صدیقی بھی موجود تھے۔
پاکستانی اور ترک پروڈکشنز کے درمیان معاہدہ طے پانے کا اعلان اداکار عدنان صدیقی کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی گئی پوسٹس کے ذریعے کیا گیا۔
عدنان صدیقی نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں لکھا کہ ترکی کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کو آگے بڑھاتے ہوئے، ہم نے اس دوستی کے ایک نئے باب کا آغاز کردیا ہے ہمیں اُمید ہے کہ یہ خیالات اور صلاحیتوں کے تبادلے کا باعث بنے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ارطغرل غازی جیسے ڈرامے بنائے: وزیراعظم عمران خان
انہوں نے مزید لکھا کہ یہ پروجیکٹ ہماری انڈسٹریز اور ہمارے ناظرین کی کامیابی ہے جو مستقبل میں اچھے مواد کے منتظر ہوں گے۔ ہم نے عظیم جنگجو بادشاہ صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر شاندار سیریز بنانے کے لیے اشتراک قائم کیا ہے، برائے مہربانی ہماری خوشی میں شریک ہوں۔
دوسری جانب پروڈیوسر کاشف انصاری کی جانب سے بھی ایک پوسٹ کے ذریعے مذکورہ معاہدے کے وقت لی گئی تصاویر کے ساتھ شیئر کی گی۔
کاشف انصاری کی جانب سے ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی جس میں معاہدہ طے پانے سے متعلق بتایا گیا ہے۔ ویڈیو میں عدنان صدیقی نے بتایا کہ ڈراما سیریز سے متعلق معاہدہ سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں طے پایا۔
ویڈیو میں عدنان صدیقی نے بتایا کہ ڈراما سیریز سے متعلق معاہدہ سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں طے پایا. ترکی جانے کے لیے 14 روز کا قرنطینہ کرنا پڑتا ہے جبکہ ڈاکٹر کاشف انصاری اور ڈاکٹر جنید علی شاہ جاسکتے تھے میرا مسئلہ تھا جس کی وجہ سے سربیا آنا پڑا۔ ہمایوں سعید کچھ مصروفیات کی بنا پر میرے ساتھ نہیں آسکے ورنہ وہ بھی یہاں موجود ہوتے۔
ویڈیو میں انہوں نے ایکلی فلمز کے چیف ایگزیکٹو افسر اور پروڈیوسر ایمرے کونوک اور ترک اسکرپٹ رائٹر و ڈائریکٹر احمد فاروق بیگ کا تعارف بھی پیش کیا۔ ہم یہاں ایک سیریز کے حوالے سے معاہدے کے لیے موجود ہیں جس سے متعلق کاشف انصاری اور ایمرے کونوک بتائیں گے ترکی اور پاکستان کے اداکاروں پر مشتمل اس سیریز کی شوٹنگ ترکی میں ہوگی اور اس ڈرامے کے 3 سیزن بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔