لاہور: (روزنامہ دنیا) اداکا ر ہ و گلوکارہ میشا شفیع نے کہا کہ شوبز انڈسٹری کی بہت سی خواتین نے ہراسانی کیس کے بعد مجھ سے رابطہ کیا، میرے کیس کی غلط رپورٹنگ کی گئی اور مجھے بہت مالی نقصان ہوا ہے۔
گزشتہ روز سیشن کورٹ لاہور میں گلوکار علی ظفر کے ہتک عزت کے دعوی میں اداکارہ و گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ میشا شفیع نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر حاضر ی مکمل کروائی۔ عدالت نے میشا شفیع کے وکلا کی عدم دستیابی کے باعث کارروائی ملتوی کر دی۔
عدالتی کارروائی کے بعد گلوکارہ میشا شفیع نے احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں حق اور سچ کے ساتھ کھڑی ہوں، اس کیس کا انجام اچھا ہوگا۔ گلوکارہ نے کہا میڈیا نے اس کیس کی بہت غلط رپورٹنگ کی ہے۔ مجھے اس سے پہلے کبھی عدالت طلب نہیں کیا گیا۔ اس کیس کے باعث مجھے بہت مالی نقصان ہوا ہے۔