ہتک عزت کیس،میشا شفیع نے عدالت میں پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرانے کی ہامی بھر لی

Published On 01 December,2021 05:15 pm

لاہور:(دنیا نیوز)سیشن کورٹ میں گلوکار علی ظفر کی جانب سے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کیس کے معاملے پر گلوکارہ نے عدالت میں پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرانے کی ہامی بھر لی ہے۔

گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے طلبی کی درخواست پر جواب جمع کرایا گیا کہ 16 دسمبر سے 20 دسمبر تک پاکستان آؤں گی ،ان چار دنوں میں علی ظفر کے وکلا جرح مکمل کر سکتے ہیں ۔

ان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ایک پروفیشنل آرٹسٹ ہوں ،کام کی وجہ سے مختلف ممالک کا سفر کرنا ہوتا ہے ، میں 20دسمبر کے بعد واپس چلی جاؤں گی، ہہلے ویڈیو لنک پر جرح کی درخواست دی جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے ۔

میشا شفیع کا کہنا تھا کہ میں اب ویڈیو لنک کے ذریعے جرح کی درخواست پر زور نہیں دینا چاہتی ، میرے خاوند کینیڈا میں بچوں کی دیکھ بھال کے لیے رکے ہوٸے ہیں وہ پیش نہیں ہو سکتے ، میرے خاوند کے بیان پر جرح ویڈیو لنک کے ذریعے ہی کی جاٸے جبکہ عدالت نے سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔
 

Advertisement