ممبئی:(ویب ڈیسک)بھارت کی معروف اور آئٹم سانگ میں بے باکی کی وجہ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ سنی لیون ایک مرتبہ پھر تنقید اور تنازع کا شکار ہوچکی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کےمطابق اداکارہ سنی لیون اپنے نئےگانے مدھوبن میں رادھیکا ناچے‘کی وجہ سے مشکل میں پھنس گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ گلوکارہ کنیکا کپور نے اپنا نیا گانا لانچ کیا ہے جس کا نام مدھوبن ہے اور اس کی ویڈیو میں بالی ووڈ اداکارہ سنی لیون نے کام کیا ہے لیکن اس گانے نے بھارتیوں میں غصے کی لہر دوڑادی ہے۔
اس گانے کی ریلیز کے بعد تنقیدوں کی بوچھاڑ ہوگئی اور کہا گیا کہ گانے میں ہندو دیوی رادھا کی بےعزتی کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہندوؤں کی جانب سے کہا گیا کہ اس گانے نے ہمارے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے کیونکہ رادھا بھگوان کی سچی پجاری تھی جسے گانے میں ڈانسر کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ عوام نے سنی لیون اور گلوکارہ سے معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
بھارت کی وسطیٰ ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا کی وارننگ کے بعد میوزک کمپنی ’سارے گا ما‘ نے کہا ہے کہ وہ اپنی میوزک ویڈیو ’مدھوبن‘ میں تبدیلی لائے گی۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق سارے گا ما کا کہنا ہے کہ حالیہ ردعمل کو دیکھتے ہوئے اور شہریوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے ہم ’مدھوبن‘ گیت کے نام اور بول دونوں میں تبدیلی لائیں گے اور3دنوں کے اندر تمام پلیٹ فارمز پر پرانے کے بجائے ایک نیا گیت ہو گا۔
بھارتیوں کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مطالبہ کیا جارہا ہے کہ اس گانے کو بنانے ،لکھنے اور ڈانسر سنی لیون کو گرفتار کیا جائے۔