فواد چودھری کا فلم، ڈرامہ اور موسیقی کے نیشنل ایوارڈ بحال کرنے کا اعلان

Published On 22 December,2021 05:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے فلم، ڈرامہ اور موسیقی کے نیشنل ایوارڈ بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے ذریعے سرفہرست موسیقاروں، فن کاروں اور سرفہرست پاکستانی فلم کو 25 کروڑ روپے سے زائد رقم فراہم کریں گے ٹیپو سلطان کے اوپر فلم نجی کمپنی ہمارے ساتھ مل کر بنا رہی ہے۔

اسلام آباد میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صد احمد شاہ، وفاقی وزارت اطلاعات اور پی ٹی وی کی جانب سے نیشنل ایوارڈ کے حوالے سے مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کیے گئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے فلم، ڈراما اور موسیقی کے نیشنل ایوارڈ بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے ذریعے سرفہرست موسیقاروں، فن کاروں اور سرفہرست پاکستانی فلم کو 25 کروڑ روپے سے زائد رقم فراہم کریں گے۔ پاکستان میں پچھلے چند عشروں میں جو بہت نقصان ہوا، ان میں ایک یہ بھی ہے کہ ہم پاکستان کی جو کہانی دنیا کو سنا سکتے تھے، ہم نے ان کو بہت کمزور کردیا ہے۔ 60 اور 70 کی دہائی میں دنیا میں تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ فلمیں پاکستان میں بنتی تھیں، اسی طرح سنیما میں دنیا میں تیسرے یا چوتھے نمبر پر پاکستان میں سب سے بڑی سکرینیں تھیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بڑی محنت سے اپنی فلم کا بیڑا غرق کیا اور اس سے زیادہ محنت سے اپنے ڈراموں کا بیڑا غرق کردیا اور اب موسیقی کو بھی کہہ دیا کہ وہ تو ہے ہی ہمارے خلاف ہے۔ ہم نے وہ سارے میڈیمز جس نے پاکستان کی کہانی دنیا کو بیان کرنی تھی، ان سب کو ہم نے بہت کمزور کردیا اور آج اس مفاہمتی یاد داشت کے ذریعے ان ساری میڈیمز کو بحال کر رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم تقریباً 25 کروڑ روپے سے زائد رقم ان ایوارڈز کے ذریعے سرفہرست موسیقاروں، فن کار اور فلم سازوں کو دیں گے اور اس ایونٹ سے فلم میں دلچسپی واپس آجائے گی۔ یہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے نیشنل ایوارڈز ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پی ٹی وی کے اندر پی ٹی وی فلم ڈویژن بنا رہے ہیں، اس وقت ہمارے پاس دو بڑی فلمیں آخری مراحل میں ہیں، ظہیرالدین بابر کے اوپر فلم ازبکستان کے ساتھ مل کر بنا رہے ہیں اور علامہ اقبال کے اوپر فلم ایران کے ساتھ مل کر بنا رہے ہیں۔ یہ دونوں فلمیں ملٹی ملین ڈالرز کی ہوں گی، ان کی پروڈکشن، کاسٹ اور تمام چیزیں بین الاقوامی سطح کی ہوں گی اور یہ بہت بڑی بجٹ کی فلمیں ہیں جو ہم بنا رہے ہیں۔ ٹیپو سلطان کے اوپر فلم نجی کمپنی ہمارے ساتھ مل کر بنا رہی ہے اور پی ٹی وی فلم پر لوگوں کو پلیٹ فارم دیں گے اور خصوصاً نوجوان فلم سازوں کو کہ وہ آئیں اور ہمارے ساتھ مل کر فلم تیار کریں، ہم کو فنڈز بھی مہیا کریں گے اور مارکیٹنگ بھی کریں گے۔
 

Advertisement