اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان واحد لیڈر ہیں جن کا پورے ملک میں ووٹ بینک ہے، پنجاب میں اصل مقابلہ پی ٹی آئی اور ن لیگ کے درمیان ہوگا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر اپنے پیغام مین کہا کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو پورے ملک میں امیدوار کھڑے کر سکتی ہے، 1100 سے زائد نشستوں پر انتخابات ہونے ہیں، پی ٹی آئی کے علاوہ کسی کی اتنی حیثیت اور قد نہیں کہ وہ اتنے امیدوار کھڑے کر سکے، اس طرح مختلف جگہوں پر مختلف پارٹیوں سے مقابلہ ہوگا، پاناما کیس کے بعد سیاست میں بڑی تبدیلی آئی، ہم نے ن لیگ کو بے نقاب کیا۔
دوسری جانب وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوں کی بیماریاں ولائتی ہوتی ہیں، نواز شریف مکمل صحت مند ہیں، اگر وہ بڑے لیڈر ہیں تو انہیں ملک میں ہونا چاہیے، پی کے ایل آئی کو پاؤں پر کھڑا کیا، وہاں ایک سو انتیس لیور ٹرانسپلانٹ ہوچکے، بون میرو بھی شروع کر رہے ہیں۔