نوجوان شدت پسندی مسترد کر کے ملک و قوم کا نام روشن کریں: فواد چودھری

Published On 09 December,2021 06:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ نوجوان شدت پسندی کو مسترد کرتے ہوئے آگے بڑھ کر ملک و قوم کا نام روشن کریں۔

کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ اور مینارپاکستان میں پیش آنے والے واقعات میں 15 سے 24 سال کے سارے نوجوان ملوث تھے، شدت پسندی کی سرگرمیوں کو مسترد کرنے کے لئے کھیلوں کو فروغ دینا ہو گا، پاکستان کے نوجوان شدت پسندی کو مسترد کرتے ہوئے آگے بڑھ کر ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ طالبات پر فخر ہے جنہوں نے ہر میدان میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت حوصلہ افزاءہے، کھیلوں کی سرگرمیوں سے نوجوان طبقے میں تعمیری جذبہ پیدا ہوتا ہے، نوجوان کھیلوں میں اپنی صلاحیتیں نکھار کر دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ کامیاب جوان ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے پہلے روز 50 ہزار نوجوان یہاں اکٹھے ہوئے اور میلے کا سماں تھا۔ پروگرام میں 6 ہزار ایتھلیٹس نے شرکت کی جن میں 3300 لڑکے اور 2700 لڑکیاں تھیں۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے حالیہ میچوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، بنگلہ دیش اور بھارت کو شکست دی، قوم نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کامیابی کا جشن منایا، کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو صوبوں میں بھی ہوگی، 12 اکیڈمیاں بنائی جا رہی ہیں، کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، کامیاب جوان پروگرام کے تحت سپورٹس ڈرائیو کا سلسلہ طویل مدت تک جاری رہے گا، انشاءاللہ پاکستان اولمپکس میں میڈل جیتے گا۔
 

Advertisement