پاکستان میں مہنگائی کم، اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل کمی آ رہی ہے: فواد چودھری

Published On 07 December,2021 06:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ملک میں مسلسل اشیا کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے۔ بنگلا دیش، سری لنکا، بھارت کی نسبت پاکستان میں مہنگائی کم ہے۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں مہنگائی سے متعلق تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ ملک میں دوسرے ہفتے سے مسلسل اشیا کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے، ہفتہ وارمہنگائی کی شرح میں48۔0 کمی آئی ہے، ہر چیز پر سبسڈی نہیں دے سکتے، راشن پروگرام کے تحت آٹے کی قیمت میں 30 فیصد سبسڈی جنوری سے شروع ہو گی، 31ہزارسے کم آمدن والے طبقے کوآٹے پررعایت دیں گے، دوکروڑلوگوں کو2018کی نسبت کم ریٹ پرآٹا ملے گا، خوشی ہے ہماری نشاندہی کے بعد آٹے کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیس کلوکا آٹا پورے پاکستان میں1100روپے جبکہ کراچی میں1456،حیدرآباد میں 1316 روپے کا مل رہا ہے، کوئٹہ میں بھی 1400روپے بیس کلوآٹے کا تھیلا مل رہا ہے، 2018میں آٹے کی فی کلوقیمت 39روپے50پیسےتھی، 2021میں آٹے کی فی کلوقیمت 55روپےتک پہنچ گئی، چینی ملک میں 90 روپے ہے جبکہ کراچی،اسلام آباد میں 97 روپے مل رہی ہے، آئندہ آنے والے دنوں میں چینی کی قیمت 85 روپے تک آجائے گی۔ بنگلا دیش، سری لنکا، بھارت کی نسبت پاکستان میں مہنگائی کم ہے، چوبیس گھنٹے مہنگائی کے خلاف پروپیگنڈا ہورہا ہوتا ہے ہم کسی علیحدہ سیارے میں نہیں رہتے، کوئی شبہ نہیں سیلری والے طبقے کے لیے مہنگائی ہے، ایگری کلچر سیکٹر میں 400 ارب اضافی آمدن ہوئی۔

فواد چودھری نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں متشدد ہجوم کے ہاتھوں سری لنکن فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا کی موت پر معاشرے اور حکومت نے ردعمل دیا ہے۔ معاشرے اور حکومت کے ردعمل سے ثابت ہے ہم بھارت جیسے نہیں، پڑوسی ملک میں روز ایسے واقعات ہوتے ہیں، مگر وہاں پتّہ تک نہیں ہلتا۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول (اے پی ایس) کے بعد جس طرح قوم اکٹھی ہوئی تھی وہ اتحاد آج بھی برقرار ہے۔ کابینہ نے سیالکوٹ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور ذمے داران کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغان باشندے پاکستان کے ہوائی اڈوں سے دوسرے ممالک جاسکیں گے،فواد چودھری افغانستان سے40اشیا پردرآمدی ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

رانا شمیم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ عدالت میں ہے، ان کو ملک سے باہرجانے کے لیے عدالت کی اجازت چاہیے، عدالت کی اجازت سے ہی وہ بیرون ملک جاسکتے ہیں، ان کے کیس میں قانونی کارروائی کی اگر ضرورت پڑی تو کریں گے۔

الیکشن کمیشن کے حوالے سے فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے ہمارا کوئی جھگڑا نہیں، ہمارا ایشویہ ہے ٹیکنکل کمیٹی معاملے کو جلد انجام تک پہنچائے، ہم الیکشن کمیشن کوپوری طرح معاونت دینے کوتیارہیں۔
 

Advertisement