حکومت کا جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کے الزامات پر کرمنل کیس دائر کرنے کا اعلان

Published On 16 December,2021 02:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کے الزامات پر کرمنل کیس دائر کرنے کا اعلان کر دیا۔ فواد چودھری نے کہا کہ ہتک عزت کا کیس فائل کر رہے ہیں، بنی گالہ سے متعلق بیان کو بے جا اچھالا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر کسی کی عزت نفس کا خیال نہیں رکھا جاتا، وزیراعظم کی عائلی زندگی اور بنی گالا کے گھر سے متعلق جھوٹ بولا گیا، شہریوں کو آئین کا آرٹیکل 9 بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے، بدقسمتی سے ہم آرٹیکل 9 کی خلاف ورزی دیکھ رہے ہیں، آرٹیکل 9 کی خلاف ورزی سے وزیراعظم بھی محفوظ نہیں، وزیراعظم نے جس شخص پر احسان کیا اس نے عمران خان کی ذات پر حملہ کیا، عمران خان نے کبھی قومی خزانے پر بوجھ نہیں ڈالا۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ذات کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہیں، جہانگیر ترین نے جسٹس (ر) وجیہہ الدین کے الزامات کی تردید کر دی، کہا گیا جہانگیر ترین بنی گالا کا خرچہ دے رہے ہیں، میڈیا سے پگڑیاں اچھالنے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے، اس وقت میڈیا کی آزادی کو خاص مہم کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
 

Advertisement