لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے گھر کے خرچے سے متعلق جسٹس (ر) وجیہ الدین کے بیان کو جھوٹا قرار دیدیا گیا۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کےسابق رہنما جسٹس (ر) وجیہ الدین احمد نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا تھا کہ یہ سوچ بالکل غلط ہے کہ عمران خان کوئی دیانت دار آدمی ہے۔ عمران خان کی صورت حال یہ ہے کہ انہوں نے سالہاسال سے کبھی اپنا گھر خود نہیں چلایا، ابتدا کے اندر جہانگیر ترین والے لوگ 30 لاکھ روپے ماہوار دیا کرتے تھے، ان کا گھر چلانےکے لیے، پھر یہ ہوا کہ 30 لاکھ کے اندر نہیں چلے گا اور 50 لاکھ ماہوار وہاں دینا شروع کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ریکارڈ کی درستگی کیلئے جسٹس (ر) وجیہ الدین کا چئیرمین تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران کے گھر کے خرچے سے منسلک بیان بالکل جھوٹااور غیر منطقی بیان ہے۔ جو بھی عمران خان کو جانتا ہے وہ ان کی خودداری اور دیانت داری کو جانتا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ وجیہ صاحب پارٹی سے ہٹائے جانے کے دکھ میں اکثر ایسے غیر منطقی بیان دیتے رہتے ہیں۔
ریکارڈ کی درستگی:جسٹس وجیہ الدین کا چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کے گھر کے خرچے سے منسلک بیان بلکل جھوٹااور غیر منطقی بیان ہے۔جو بھی عمران خان کو جانتا ہے وہ ان کی خودداری اور دیانت داری کو جانتا ہے۔ وجیہ صاحب پارٹی سے ہٹائے جانے کے دکھ میں اکثر ایسے غیر منطقی بیان دیتے رہتے ہیں
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) December 14, 2021
خیال رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران اس حوالے سے کہا کہ جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین جیسے مسخرے اپنی اہمیت بڑھانے کے لیے اس طرح کی باتیں کرتے ہیں، ان جیسے لوگوں کو ان کے گھر والے بھی نہیں پہچانتے اس لیے ان مسخروں پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
یاد رہے کہ جسٹس (ر) وجیہہ الدین پی ٹی آئی ٹریبونل کے سربراہ تھے جنہوں نے 2013 کے انٹرا پارٹی انتخابات میں دھاندلی کرنے پر جہانگیر ترین، علیم خان، پرویز خٹک اور نادر لغاری کو پارٹی کی رکنیت سے معطل کرنے کی تجویز دی تھی۔