لاہور: ( ویب ڈیسک ) پاکستانی اداکار عمران اشرف کی سابقہ اہلیہ کرن اشفاق کا طلاق کے بعد صبر جواب دے گیا اور انہوں نے تنقید کرنے والوں کو کھری کھری سنادیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر سٹوری شیئر کرتے ہوئے کرن اشفاق نے لکھا کہ میں اس بے وجہ تنقید سے تنگ آ گئی ہوں، ہر کوئی مجھ پر تنقید کر رہا ہے، بالخصوص خواتین یہ لوگ کیا چاہتے ہیں کہ میں خودکشی کر لوں؟۔
اپنی اس پوسٹ میں کرن نے کچھ خواتین کے کمنٹس کے سکرین شاٹس بھی شیئر کیے اور لکھا کہ میں ایسے کمنٹس سے عاجز آ گئی ہوں۔
کرن کی طرف سے جو اسکرین شاٹس شیئر کیے گئے، ان میں ایک خاتون نے لکھ رکھا تھا کہ مجھے یہ دیکھ کر شدید جھٹکا لگا کہ تم طلاق کے بعد کس طرح نارمل زندگی گزار رہی ہو۔
عمران اشرف کی سابقہ اہلیہ نے لکھا کہ ہمارے معاشرے میں اگر لڑکی کو طلاق ہو جائے تو لوگ اسے زندہ نہیں رہنے دیتے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے اپنی چار سالہ شادی کے خاتمے کے متعلق بتاتے ہوئے عمران اشرف نے لکھا تھا کہ بوجھل دل کے ساتھ میں اعلان کرتا ہوں کہ ہم باہمی رضامندی کے ساتھ باعزت طریقے سے الگ ہو رہے ہیں۔