پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کا ماسٹر مائنڈ امریکا سے گرفتار

Published On 02 December,2022 05:55 pm

ممبئی (ویب ڈیسک) پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے مرکزی ماسٹر مائنڈ گولڈی برابر کو امریکا سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی پنجاب کے معروف گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے مرکزی ماسٹر مائنڈ گولڈی برار کو کیلفورنیا سے 20 نومبر کو حراست میں لیا گیا۔ لارنس بشنوئی گینگ سے تعلق رکھنے والے گولڈی برار نے حال ہی میں کینیڈا سے امریکا کا سفر کیا تھا۔

دوسری طرف بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے سدھو موسے والا کے مرکزی قاتل کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گولڈی برار کو امریکا میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق گولڈی برار سیاسی پناہ لینے کیلئے امریکا منتقل ہوا تھا۔

واضح رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی کو پنجاب میں نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر 30 گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا جبکہ گولڈی برار نے فیس بُک پوسٹ کے ذریعے سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔