لاہور: (ویب ڈیسک) گلوکارہ رابی پیرزادہ نے کہا کہ ویڈیو لیک ہونے کے بعد میرے اور میری فیملی کے ساتھ جو لوگوں نے کیا وہ بیان نہیں کر سکتی۔
ایک معروف یوٹیوبر کو انٹرویو دیتے ہوئے رابی پیرزادہ نے کہا کہ میں نے بچپن سے کبھی کسی کی بات نہیں مانی، میں ایک باغی شخصیت کی مالک تھی، ویڈیو لیک ہونے کے بعد جو کچھ میرے ساتھ ہوا میں اس پر مزید بات نہیں کرنا چاہتی۔
رابی پیرزادہ نے ویڈیو لیک کے حوالے سے مزید بتایا کہ جو کچھ ہوا وہ فیملی میں سب جانتے ہیں لیکن فیملی سے باہر میرے ساتھ جو لوگوں نے کیا میں بیان نہیں کر سکتی، اس وقت میرا دل کرتا تھا میں سب کو گولی ماردوں، میں نے خانہ کعبہ جاکر ان لوگوں کو بہت بددعائیں دی۔
پاکستانی گلوکارہ رابی پیر زادہ نے انٹرویو میں ماضی میں ان کے ساتھ ہوئے واقعے کو اسکینڈل کی بجائے ایک حادثہ قرار دیا۔
رابی پیرزادہ نے گفتگو میں مزید بتایا کہ میری ایک دوست کے بھائی نے بھی میری ویڈیوز آگے اپنے دوستوں میں فارورڈ کی لیکن وہ پھر ایک موٹر سائیکل حادثے میں مارا گیا اس کے بعد بھی لوگ ان ویڈیوز کو آگے بڑھاتے رہے یہاں تو لوگوں نے تو عامر لیاقت کو مار دیا، میں تو ایک لڑکی تھی میں نے اس وقت اللہ سے کہا تھا تُو تو مجھے جانتا ہے۔
گلوکارہ نے مزید کہا کہ مجھے ہنسی آ رہی تھی کیونکہ لوگ کہہ رہے تھے میرے بوائے فرینڈ نے میری ویڈیوز لیک کیں لیکن وہ آج تک سامنے نہ آسکا۔