تھنک فیسٹ : تعلیم ، سیاست اور آرٹس کے موضوعات پر مختلف سیشنز کا انعقاد

Published On 14 January,2023 04:28 pm

لاہور : (دنیا نیوز) تھنک فیسٹ کی جانب سے الحمراء ہال مال روڈ پر تعلیم، سیاسی، سماجی اور آرٹس کے عنوان پر مختلف سیشنز کا انعقاد کیا گیا، ان سیشنز کو شرکاء کی جانب سے بے حد پسند کیاگیا ۔

یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کی جانب سے منعقد کیے جانیوالے تھنک فیسٹ کے پہلے روز طلباء ، خواتین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی  ، فیسٹیول میں چیلنجنگ ٹرتھ، جناح، کامیابی اور تاریخ میں کردار، ترقیاتی منصوبوں کے ماحول پر اثرات سمیت دیگر موضوعات پر سیشن ہوئے۔

الحمراء کے ہال نمبر 2 اور 3 میں مختلف عنوان پر سیشن کا انعقاد کیا گیا، تھنک فیسٹ میں پہلی تقریب کا اہتمام الحمراء ہال ٹو میں " چیلنجنگ ٹرتھ" کے عنوان سے ہوا۔ چیلنجنگ ٹرتھ" کے عنوان پر ماہر تعلیم محسن حامد اور ڈاکٹر وسیم انور نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

دوسرے سیشن میں جناح- کامیابی اور تاریخ میں کردار کے موضوع پر کتاب کی رونمائی ہوئی، سٹاکلم یونیورسٹی سے اشتیاق احمد، قانون دان اسد رحیم خان نے شرکت کی اور قانون دان سلمان اکرم راجہ نے پینلسٹ سے کتاب کے موضوع سے متعلق سوالات کیے ، دوسرے سیشن میں شریک پینلسٹ کی جانب سے قائد اعظم محمد علی جناح پر لکھی گئی کتاب پر گفتگو کی گئی۔

تیسرے سیشن میں "جیو-اکنامکس اینڈ نیشنل سیکیورٹی سٹریٹجی" کے عنوان سے سیشن ہوا جس میں سابق ایڈوائزر پاکستان نیشنل سیکیورٹی معید یوسف نے بطور پینلسٹ شرکت کی اور سینیئر فیلو سی ایس ایس ار پی اعجاز حیدر نے پینلسٹ معید یوسف سے نیشنل سیکیورٹی کے عنوان پر سوالات کیے۔

الحمراء ہال نمبر تھری میں نئے منصوبہ جات اور لاہور کے ماحول کو درپیش خطرات" کے موضوع پر سیشن ہوا جس میں انوائرمنٹل لائر رافع عالم اور قانون دان فیصل نقوی نے بطور پینلسٹ شرکت کی،  پینلسٹ کی جانب سے گزشتہ چودہ برسوں میں ہونے والے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر گفتگو کی گئی۔

تھنک فیسٹ کے شرکاء نے اس فیسٹیول کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے فیسٹیول کا انعقاد ضرور ہونا چاہیے، اس سے عصر حاضر کے علوم سے متعلق نہ صرف آگاہی ملتی ہے بلکہ ملکی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جاتا ہے ۔

تھنک فیسٹ کے پہلے روز مختلف سیشنز سمیت ادبی بیٹھک اور گیلری کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں شرکاء نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا ۔
 

Advertisement