ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی مشہور کامیڈی رولر کوسٹر ہیرا پھیری فرنچائز کی تیسری فلم کی شوٹنگ کا آغاز کر دیا گیا۔
مداحوں کو سن 2000 میں ریلیز ہونے والی ہیرا پھیری کے تیسرے حصے کا بےصبری سے انتظار تھا جو جلد ختم ہونے والا ہے کیونکہ فلم کی شوٹنگ کا آغاز کردیا گیا ہے، کامیڈی کنگ اکشے کمار، پریش راول اور سنیل شیٹی کی ہیراپھیری 3 جلد سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
فلم میں اکشے ایک مرتبہ پھر راجو، سنیل شیٹی شیام اور پریش راول بابو بھائیا کے مشہور کردار نبھاتے نظر آئیں گے، بھارتی صحافی ہمیش منکڈ نے فلم کے سیٹ سے ہیرا پھیری سٹارز کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو یہ خبر دی کہ فلم کی شوٹنگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
Thank you everyone for all the love and trust over this news. Here s a pic from the sets yesterday. #HeraPheri3 https://t.co/08vs8ckgBp pic.twitter.com/dKBNDlI3oQ
— Himesh (@HimeshMankad) February 22, 2023
کچھ دنوں قبل سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ بھول بھولیاں کی طرح ہیرا پھیری 3 میں بھی اکشے کی جگہ کارتک آریان لے لیں گے تاہم اب فلم کے سیٹ سے اکشے کمار اور دیگر کی تصویر سامنے آنے کے بعد یہ افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر بھی مداحوں کی جانب سے ہیرا پھیری 3 کی خبر سامنے آنے پر خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے، اس فلم کو پروڈیوسر فیروز نادیاد والا پروڈیوس کر رہے ہیں تاہم فلم کے ہدایتکار کا نام اب تک سامنے نہیں آسکا۔
یاد رہے کہ ہیری پھیری فرنچائز کی پہلی فلم 31 مارچ 2000 کو ریلیز کی گئی تھی جس کے ہدایتکار پریا درشن تھے جبکہ ’پھر ہیرا پھیری‘ 2006 میں ریلیز کی گئی تھی، پریا درشن کی ان دونوں فلموں کو مداحوں کی جانب سے بےحد پسند کیا گیا تھا۔