لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستانی اداکار فہد شیخ نے کہا ہے کہ اداکارہ نازش جہانگیر کے ساتھ کام کرنا مشکل ہے اور ان کے ساتھ دوبارہ کام کرنے سے پہلے وہ بہت سوچیں گے۔
فہد شیخ پاکستانی ماڈل، میزبان اور اداکار ہیں، انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز نجی ٹی وی کے فیشن شو کے میزبان کے طور پر کیا تھا، بعد ازاں انہوں نے اداکاری کی طرف رخ کیا اور ان کے مشہور سیریلز میں ’ میراث ‘، ’ جلن ‘ اور ’ گھمنڈی ‘ شامل ہیں، ’ میراث ‘ میں ان کی اداکاری کو ان کے مداحوں نے بہت پسند کیا۔
اداکار حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک شو میں نظر آئے جہاں ان کے ساتھی اداکاروں کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کی بات کی گئی۔
پروگرام کے دوران میزبان نے فہد سے سوال کیا کہ آپ نازش جہانگیر، مشال خان اور یشما گل میں سے کس ساتھی اداکار کے ساتھ کام کرنے سے پہلے بہت سوچیں گے؟، اداکار نے پہلے اپنا جواب چھپانے کی کوشش کی لیکن آخر میں نازش جہانگیر کا نام لیا۔
فہد نے اپنے جواب کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میں نازش جہانگیر کے ساتھ کام کرنے سے پہلے بہت سوچوں گا کیونکہ ان کے ساتھ کام کرنا بہت مشکل ہے۔
خیال رہے کہ فہد شیخ اور نازش جہانگیر ڈرامہ سیریل ’ گھمنڈی ‘ میں کام کر چکے ہیں جس کے ہدایت کار سہیل جاوید تھے۔