لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ حمائمہ ملک نے کہا ہے کہ وہ کبھی سکول نہیں گئیں اور انہوں نے 14 سال کی عمر سے کام کرنا شروع کردیا تھا۔
حمائمہ ملک حال ہی میں ایک نجی پوڈ کاسٹ میں مہمان بنیں جس دوران اداکارہ نے اپنی پڑھائی، شوبز کیرئیر اور نجی زندگی پر بات کی۔
حمائمہ ملک نے بتایا کہ ’مجھے بچپن سے ہی پڑھنے کا شوق نہیں تھا، کلاس میں سب سے پیچھے بیٹھتی تھی، میتھا میٹکس مجھے نہیں آتی تھی لیکن کلاس مانیٹر بننے کا شوق تھا، تھرڈ کلاس 3 مرتبہ دہرائی اس کے بعد بھی پروموٹ ہوکر 4th کلاس میں گئی، مجھے انگلش کی بنیادی چیزیں بھی نہیں پتا تھیں،She سن کر لگتا تھا یہ کسی لڑکی کا نام ہے، یہاں تک کہ ایک دوست سے پوچھ بیٹھی کہ she کون ہے‘؟
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’شوبز کیرئیر کا آغاز 14 سال کی عمر میں ماڈلنگ سے کیا، زیادہ عرصہ باہر رہی، بچپن میں اگرچہ کبھی سکول نہیں گئی، یونیورسٹی جانے کا بہت شوق تھا لیکن جب میں لمز، پنجاب یونیورسٹی گئی تو میں نے سوچا اللہ نے مجھے یہاں کیلئے رکھا تھا لیکن اس بات کو تسلیم کرتی ہوں کہ تعلیم بہت اہم ہتھیار ہے‘۔
طلاق پر بات کرتے ہوئے حمائمہ کا کہنا تھا کہ ’مجھے فلم بول کے سیٹ پر پہلی طلاق ہوئی، مجھے کہا گیا کہ فلم چھوڑ دو ، میری شادی 18 سال کی عمر میں ہوئی لیکن 20 سال کی عمر میں طلاق ہوگئی‘۔
حمائمہ ملک نے بتایا کہ ’مجھے نیند نہیں آتی لیکن جب آتی ہے تو میں بہت سکون سے سوتی ہوں کیوں کہ میں نے کسی کا حق نہیں مارا، جتنا میں کرسکتی تھی میں نے اتنا کیا‘۔