ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی اداکارہ اور سیف علی خان کی والدہ شرمیلا ٹیگور نے کہا ہے کہ جب سیف چھوٹے تھے تو سب ان کے گال کھینچ کر پوچھتے تھے کہ وہ بڑے ہوکر والد کی طرح کرکٹر بنے گا یا ماں کی طرح اداکار۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق شرمیلا ٹیگور کا کہنا ہے کہ جس طرح سیف علی خان کے بچوں سارہ، ابراہیم، تیمور اور جہانگیر کو میڈیا کی بےحد توجہ حاصل ہے اس ہی طرح بچپن میں سیف کو بھی لوگوں کی خوب توجہ ملتی تھی۔
سیف علی خان کی والدہ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ سیف ضرورت سے زیادہ توجہ کی وجہ سے اکثر پریشان اور تنگ ہوجایا کرتے تھے، لوگ پچپن میں ان کے گال کھینچ کر پوچھتے تھے کہ بڑے ہوکر کیا بنو گے؟ اداکار یا کرکٹر؟ جس پر سیف کہتے تھے کہ وہ ہاکی کے کھلاڑی بنیں گے۔
شرمیلا ٹیگور نے کہا کہ تاہم سیف علی خان کو ملنے والی شہرت اور توجہ ان کے لیے کافی پریشانی کا سبب رہی ہے۔
شرمیلا ٹیگور کا کہنا تھا کہ مگر اب چیزیں مختلف ہیں انہوں نے سارہ سے سیکھا ہے کہ آپ کو یہ بات تسلیم کرنی پڑے گی کہ ان کے بچوں اور پوتوں کو بھی میڈیا کی بےحد توجہ ملی ہے اور یہی حقیقت ہے۔
سیف علی خان کے کرینہ سے ہونے والے دونوں بچوں تیمور اور جہانگیر کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’وہ اس میں ڈھل جائیں گے لیکن انہیں میڈیا سے پریشانی ہوتی ہے، وہ خود کو بہت اہم اور خاص سمجھتے ہیں مگر یہ ان کی نہیں بلکہ ان کے والدین کی کامیابی ہے۔‘