لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سوہائے علی ابڑو نے کہا ہے کہ فلم ’موٹرسائیکل گرل‘ اس لیے کی کہ میرا موٹر سائیکل سیکھنے کا دل کررہا تھا۔
حال ہی میں سوہائے علی ابڑو نے ایک شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی شادی شدہ زندگی اور اپنے شوہر کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔
میزبان کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال پر اداکارہ نے بتایا کہ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ میری شادی اتنی جلدی ہوجائے گی ، میں شادی کے بعد بہت اچھا محسوس کر رہی ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ میں اور شہرزار ایک دوسرے کو 12 سال سے جانتے تھے لیکن اس وقت ہم بہت چھوٹے تھے، ہم ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے ، ہمارے دوست ہمیشہ سے جانتے تھے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ شادی کریں گے۔
ایک اور سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ مجھے میرے ڈرامہ ’ پیارے افضل ‘ میں اپنی اداکاری اچھی لگی تھی۔
پروگرام کے دوران اداکارہ نے فلم ’ موٹر سائیکل گرل ‘ میں کام کرنے کی دلچسپ وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میں نے فلم اس لئے کی کیونکہ میرا دل کر رہا تھا کہ میں موٹر سائیکل چلانا سیکھوں۔