ممبئی: (ویب ڈیسک) معروف بالی ووڈ اداکاراؤں مادھوری ڈکشٹ اور اشوریا رائے کے حوالے سے تضحیک آمیز گفتگو نشر کرنے پر نیٹ فلکس کو قانونی نوٹس بھیج دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نیٹ فلکس پر نشر ہونے والے امریکی سٹکام ’دی بگ بینگ تھیوری‘ میں اداکارہ ایشوریا رائے اور مادھوری ڈکشٹ کے حوالے سے نازیبا گفتگو نشر کی گئی جس پر مداحوں کے جذبات مجروح ہوئے۔
بھارتی مصنف و سوشل ایکٹیوسٹ متھون وجے کمار کی جانب سے بھیجے گئے قانونی نوٹس میں نیٹ فلکس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اداکاراؤں سے متعلق تضحیک آمیز گفتگو کو حذف کیا جائے بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔