ٹورنٹو: (ویب ڈیسک) پاکستانی سینما اور فلم انڈسٹری کے لئے مزید خوشخبریاں آگئیں، سرمد کھوسٹ کی فلم ’کملی‘ اور صائم صادق کی ’جوائے لینڈ‘ نے عالمی ایوارڈ اپنے نام کر لیے ہیں۔
پاکستانی فلموں اور فنکاروں نے یہ ایوارڈ چار روزہ موزیک انٹرنیشنل ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول میں جیتے ہیں۔
فیسٹیول جیوری کی طرف سے جاری کردہ اعلان کے مطابق فلم ’جوائے لینڈ‘ نے چار ایوارڈ اپنے نام کیے ہیں جن میں بیسٹ انٹرنیشنل فیچر، بیسٹ اسکرین پلے، بیسٹ ساؤنڈ ڈیزائن اور بیسٹ ایکٹر (فیمیل) شامل ہیں۔
سرمد کھوسٹ کی فلم ’کملی‘ کی اداکارہ ثانیہ سعید نے اپنی متاثرکن کارکردگی پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔
ایوارڈ کی برسات میں سجل علی بھی پیچھے نہ رہیں اور جمائما خان کی رومینٹک کامیڈی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ‘ کو بیسٹ کاسٹ کا جیوری پرائز ملا ہے۔
کینیڈین فلم فیسٹیول میں کینیڈا، امریکا، برطانیہ، انڈیا، پاکستان، بنگلا دیش، سری لنکا، نیپال اور کریبین کی فلمیں پیش کی گئی تھیں۔