لاہور: (ویب ڈیسک) میکال ذوالفقار کا نام پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں کسی تعارف کا محتاج نہیں، اداکار میکال ذوالفقار نے فلم " ہوئے تم اجنبی" میں رومانوی کردار اداکرنے کی دلچسپ کہانی سنا دی۔
میکال نے انکشاف کیا کہ فلم " ہوئے تم اجنبی" میں سعدیہ خان سے واقعی محبت ہوگئی تھی۔
میکال کا کہنا تھا کہ سعدیہ خان ایک بہت اچھی ساتھی اداکارہ اور دوست ہیں، ہم پہلے بھی ساتھ کام کر چکےہیں لیکن " ہوئے تم اجنبی" کے ٹریلر میں جتنا رومانس نظر آ رہا ہے فلم میں اس سے کہیں زیادہ ہے۔
میکال ذوالفقار نے مزید بتایا کہ ’کئی سین ایسے تھے کہ جس میں سعدیہ سے واقعی محبت ہو گئی تھی اور مجھے اداکاری کرنا ہی نہیں پڑی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’سعدیہ خان اتنی خوبصورت لگ رہی تھیں اور اتنا زبردست سماں تھا کہ بس میں انہیں ہی دیکھتا رہا کہ واہ واہ واہ۔
اداکار کا کہنا تھا کہ فلم میں 11 گانے ہیں ، یہ گانے عابدہ پروین، نوید ناشاد، ساحر علی بگا اور علی ظفر جیسے گلوکاروں نے گائے ہیں اور یہی اس فلم کا سب سے مزیدار پہلو ہے کیونکہ سارے کے سارے گانے بہت اچھے ہیں۔
خیال رہے کہ اینکر پرسن کامران شاہد کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم "ہوئے تم اجنبی" عیدالفطر پر ریلیز ہوئی تھی جس نے اپنی ریلیز کے ساتھ ہی دھوم مچادی، یہ کامران شاہد کی بطور ہدایتکار، پروڈیوسر اور لکھاری پہلی فلم ہے۔