لاہور: (دنیا نیوز) پاکستانی فلم انڈسٹری میں کامیڈی ہیرو کے رول کی بنیاد رکھنے والے منور ظریف کو مداحوں سے بچھڑے 47 برس بیت گئے لیکن ان کی منفرد اداکاری آج بھی زندہ ہے۔
منور ظریف 2 فروری 1940ء کو گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے، منور ظریف معروف کامیڈین ظریف کے بھائی تھے اس لحاظ سے ان کو کامیڈی وراثت میں ملی۔
منور ظریف نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز 1961ء کی فلم ڈنڈیاں سے کیا، 1973ء میں منور ظریف پہلی بار اردو فلم ’پردے میں رہنے دو‘ میں سائیڈ ہیرو کے طور پر جلوہ گر ہوئے، اسی سال ایک اور فلم ’رنگیلا اور منور ظریف‘ کی کامیابی نے انہیں سپر سٹار بنا دیا۔
منور ظریف کی قابل ذکر فلموں میں جیرابلیڈ، شریف بدمعاش، نوکر ووہٹی دا، رنگیلا عاشق شامل ہیں، 1971ء، 1973ء اور 1975ء میں انہیں عشق دیوانہ، بہارو پھول برساؤ اور زینت میں بہترین مزاحیہ اداکاری پر نگار ایوارڈز دیے گئے جس کے بعد کامیڈی فلموں کا ایک نیا دور شروع ہوا۔
رنگیلا اور منور ظریف کی جوڑی کو فلم کی کامیابی تصور کیا جاتا تھا، شہنشاہ ظرافت نے اپنے کیرئیر میں لگ بھگ 350 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، منور ظریف صرف 36 سال کی عمر میں 29 اپریل 1976ء کو لاہور میں انتقال کر گئے۔