لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کے معروف اور سینئر اداکار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ 'اوم شانتی اوم' فلم میں شاہ رخ خان کے والد کا کردار ادا کرنے کیلئے ایک روپیہ معاوضہ مانگا تھا۔
اپنے ایک انٹرویو میں اداکار جاوید شیخ نے بتایا کہ جب بالی ووڈ فلم اوم شانتی اوم میں کام کی پیشکش کیلئے میرے پاس ان کا مینیجر کنٹریکٹ لے کر آیا، اس نے معاوضے کا پوچھا تو میں نے جواب دیا کہ پیسے نہیں لوں گا، مینیجر نے تعجب کا اظہار کیا تو میں نے کہا میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ شاہ رخ کی اس وقت کی سب سے بڑی فلم میں اس کے والد کا کردار دیا گیا ہے۔
جاوید شیخ نے کہا ہندوستان میں اتنے اداکار ہیں، کسی پر بھی انگلی رکھیں تو وہ آپ کو مل جائے گا لیکن اگر آپ نے میرا انتخاب کیا تو یہ میرے لیے خوشی اور اعزاز کی بات ہے کہ شاہ رخ اور فرح خان کی ہاں کے بعد میں اس فلم میں کام کر رہا ہوں، اسی لیے ان دونوں کی وجہ سے میں معاوضہ نہیں لوں گا۔
مینیجر نے کہا ایسا نہیں ہوسکتا یہ کمپنی کا اصول ہے، آدھا گھنٹہ وہ میرے پاس بیٹھے رہے جس کے بعد میں نے کہا ٹھیک ہے آپ جاکر شاہ رخ کو کہیں کہ میں ایک روپیہ لوں گا، آپ نے معاہدے میں کچھ لکھنا ہے تو ایک روپے لکھ دیں۔
جاوید شیخ نے مزید بتایا کہ مینیجر نے جب جا کر شاہ رخ اور فرح کو بتایا تو انہوں نے کہا کہ آپ پاگل ہو، ایک روپیہ کون لیتا ہے؟، پھر انہوں نے ہی فیصلہ کیا کہ مجھے کتنے پیسے دینے ہیں۔