ممبئی: ( ویب ڈیسک ) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ جھانوی کپور کی نئی فلم ’’الاج‘‘ کی شوٹنگ نئی دہلی میں سیلابی صورتحال کے باعث ملتوی ہوگئی۔
بھارت میں ہونے والی مون سون کی تباہ کن بارشوں نے جہاں شمالی ریاستوں میں تباہی مچاہی وہیں دارالحکومت نئی دہلی کو بھی شدید متاثر کیا ہے، موسلا دھار بارشوں کے باعث نئی دہلی کی جمنا ندی میں پانی کی سطح خطرناک حد سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ بارشوں سے شہر کے بیشتر علاقے سیلابی پانی میں ڈوب گئے ہیں۔
جھانوی کپور کو حب الوطنی پر مبنی اپنی نئی تھرلر فلم ’’ الاج ‘‘ کی شوٹنگ کے لیے نئی دہلی جانا تھا اور شہر میں تقریباً 15 دن تک شوٹنگ کرنی تھی، اداکارہ کے ساتھ فلم کی باقی ٹیم نے بھی دہلی جانا تھا اور اس حوالے سے سب کچھ طے تھا لیکن بارشوں کی وجہ سے چند ہی دنوں میں ساری صورتحال بدل گئی ہے۔
فلم کی شوٹنگ کے لئے نئی دہلی میں مختلف مقامات کا انتخاب کیا گیا تھا کہ جن میں پرانی دہلی، لال قلعہ، قطب مینار، لاجپت نگر بازار اور دیگر تاریخی مقامات شامل ہیں تاہم سب کی حفاظت کو ذہن میں رکھتے ہوئے ٹیم نے اس منصوبے کو آگے بڑھا دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق شوٹنگ کے مقامات تبدیل کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا اور اگست کے وسط میں دوبارہ دہلی جانے کا منصوبہ زیر غور ہے۔