محرم الحرام : الحمرا میں یوم عاشورہ تک کمرشل ڈرامے بند رہیں گے

Published On 21 July,2023 03:07 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے دونوں کمپلیکسز الحمرا مال روڈ اور الحمرا کلچرل کمپلیکس قذافی سٹیڈیم میں محرم الحرام کے احترام میں یوم عاشورہ تک کمرشل ڈرامے بند رہیں گے۔

الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کی میوزک کی کلاسز بھی بند رہیں گی، سربراہ الحمرا محمد سلیم ساگر نے اس حوالے سے کہا کہ ہماری دُنیا اور آخرت کی کامیابی اسوہ حسنہ اور فلسفہ امام حسین ؓپر عمل کرنے سے عبارت ہے۔

انہوں نے کہا نواسہ رسولؐ نے اپنے افکار و کردار سے انسانی قدروں کی عظمتوں کا علم بلند کیا،حضرت امام حسین ؓ کی جدوجہد ظلم کے خلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام ہے، اہل بیت کے ساتھ محبت ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی جز ہے، محرم الحرام ہمیں قربانی اور حق سچ پر کھڑے رہنے کا درس دیتا ہے۔

ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا نے نئے اسلامی سال کی آمد کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ دعا ہے یہ ہجری سال ملک وقوم کی فلاح وبہبود کے ساتھ الحمرا، اپنی اقدار، تہذیب وتمدن اور اس سے وابستہ افراد (فنکاروں) کی خوشحالی کا باعث ہو۔