لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے مشہور و معروف ڈیزائنر و اداکار حسن شہریار یٰسین المعروف ایچ ایس وائی کا کہنا ہے کہ اگر انہیں کبھی گن پوائنٹ پر کوئی شادی کرنے کا کہے گا تو وہ اداکارہ مہوش حیات کا انتخاب کریں گے۔
حال ہی میں حسن شہریار نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جس میں انہوں نے اپنی زندگی کے کئی یادگار لمحات شیئر کئے، اس کے علاوہ اپنی شادی اور کیریئر کے حوالے سے بھی بات کی۔
نامور ڈیزائنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا بچپن امریکی شہر نیو یارک میں گزرا، بعدازاں جب ہم لندن میں تھے تو میں اپنی والدہ کے کندھوں پر بیٹھ کر برطانوی شہزادی ڈیانا کی شادی میں شرکت کیلئے گیا تھا، وہ منظر مجھے آج تک یاد ہے‘۔
ڈیزائنر نے بتایا کہ ’میں اس وقت کافی چھوٹا تھا ، ہجوم کے درمیان سفید رنگ کے جوڑے میں شہزادی ڈیانا خوبصورت دکھائی دے رہی تھیں جسے دیکھ کر لوگ تعریفیں کر رہے تھے، شادی سے واپس گھر آ کر میں نے شہزادی ڈیانا جیسا جوڑا ٹشو پیپر کی مدد سے بنانا شروع کر دیا اور وہ میں نے اپنی بہن کی گڑیا کو پہنایا ۔
ایچ ایس وائی نے انکشاف کیا کہ میں نے نیو یارک سے تعلیم حاصل کی اور 12 سال کی عمر میں پیسے کمانا بھی نیو یارک سے شروع کیا جہاں میں سڑک پر فرنچ فرائز فروخت کرتا اور لائبریری میں کام کرتا تھا ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر کبھی کوئی مجھے گن پوائنٹ پر شادی کرنے کا کہے گا تو میں مہوش حیات سے کروں گا کیونکہ کسی بھی رشتے میں دوستی بہت اہمیت رکھتی ہے ۔
ساتھ ہی ایچ ایس وائی نے یہ بھی کہا کہ میں واضح کر دوں کہ ہمارے دل میں ایک دوسرے کیلئے جذبات نہیں ہیں لیکن ہم دونوں کی دوستی بہت مضبوط اور بہترین ہے ۔