لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے سینئر اور معروف اداکار جاوید شیخ نے بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کی جانب سے لگائے گئے گھڑی چوری کے الزام کی وجہ بتا دی۔
پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار جاوید شیخ بھارت میں پاکستانی اداکاروں پر پابندی عائد ہونے سے قبل بالی وڈ فلموں میں کام کر چکے ہیں، سال 2016ء میں جاوید شیخ نے شاہ رخ خان کے ساتھ اوم شانتی اوم اور نمستے لندن میں اکشے کے ساتھ کام کیا۔
اپنے ایک انٹرویو میں اداکار جاوید شیخ نے کہا کہ اکشے کمار اور شاہ رخ انتہائی عاجز انسان ہونے کے ساتھ ساتھ شرارتی بھی ہیں اور فلم کے سیٹ پر ان کی شرارتوں کے قصے سنائے جاتے ہیں۔
سینئر اداکار نے اکشے کمار سے جڑا ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فلم کی شوٹنگ چل رہی تھی، سیٹ پر میرے پاس ایک سونے کی گھڑی تھی جس نے اکشے کمار کی توجہ حاصل کر لی، اکشے نے مزاحیہ انداز میں یوں اداکاری کی جیسے یہ گھڑی اس کی ہو اور میں نے چوری کرلی ہو۔
اداکار نے بتایا کہ اکشے کمار نے اس موقع پر ملازم لڑکے پر چیختے ہوئے کہا کہ میں نے تم سے کہا تھا میری گھڑی جاوید صاحب کو نہیں دینا، کیوں دی انہیں؟، اکشے کے مذاق سے چند لمحوں کیلئے ٹیم ممبرز حیران ہوگئے لیکن پھر پرینک سمجھ آنے پر ان کے قہقہے چھوٹ گئے۔