لاہور: (ویب ڈیسک) معروف فنکار، فلم پروڈیوسر اور ہدایت کار جمال شاہ نے عبوری حکومت میں حلف اٹھانے کے بعد عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت نے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد قومی ورثہ و ثقافت کا دورہ کیا، وزارت میں سیکرٹری فارینہ مظہر اور قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے دیگر افسران سے بھی ملاقات کی، وفاقی سیکرٹری نے جمال شاہ کو بریفنگ دی اور انہیں ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن کے کام کے بارے میں آگاہ کیا۔
افسران سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں ثقافت اور فنکار برادری کی بہتری اور ترقی کیلئے کام کروں گا، میں نے اس عہدے کو ایک چیلنج کے طور پر قبول کیا ہے اور اپنی ذمہ داریاں پوری محنت اور لگن کے ساتھ نبھاؤں گا۔
وفاقی وزیر جمال شاہ کا کہنا تھا فنون لطیفہ کےذریعے ملک کا مثبت امیج دنیا بھر میں اجاگر کیا جاسکتا ہے، پاکستان مضبوط ثقافتی ورثوں کے ساتھ جڑا ہوا ہے،میرا ماضی ثقافت کے ساتھ منسلک ہے اور میرا مستقبل بھی اسی شعبے کے ساتھ منسلک رہے گا، مجھے فخر ہے کہ پاکستان کی قومی اور عالمی سطح پر خدمت کرنے کا موقع ملا ہے۔