لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ اشنا شاہ نے کہا ہے کہ اگر شوہر چاہتے ہیں کہ بیوی ان کا موبائل چیک نہ کرے تو وہ اپنی حرکتیں ٹھیک رکھیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں میزبان نے اشنا شاہ سے سوال کیا کہ کیا بیویوں کو شوہروں کے موبائل فون چیک کرنے چاہئیں؟، جس پر اداکارہ نے کہا کہ کیوں نہیں؟۔
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اگرچہ بیویوں کو شوہروں کا موبائل چیک کرنے کی ضرورت ہی نہیں پڑنی چاہیے لیکن اگر اس کے باوجود بیوی موبائل پکڑ بھی لے تو شوہروں کو کوئی مسئلہ درپیش نہ ہو، اکثر مرد حضرات اپنا موبائل الٹا رکھتے ہیں۔
اپنے شوہر کی بات کرتے ہوئے اشنا شاہ کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ میرے ساتھ یہ مسئلہ نہیں ہے، میرے شوہر بہت اچھے ہیں، انہوں نے شادی کے بعد میرے کہے بغیر اپنے موبائل پر میری فیس آئی ڈی لگا دی۔