ایشیا کپ افتتاحی تقریب، آئمہ بیگ کو پرفارمنس پر شائقین کی ٹرولنگ کا سامنا

Published On 01 September,2023 11:42 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ایشیا کپ کی افتتاحی تقریب میں گانا گانے پر پاکستان کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

معروف گلوکارہ آئمہ بیگ کو آئی سی سی ایشیا کپ کے افتتاحی پروگرام میں گانا گانے کیلئے منتخب کیا گیا تھا، آئمہ بیگ اور ایک نیپالی گلوکارہ نے ایونٹ کی افتتاحی تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

ترقیب کے دوران مداحوں کو آئمہ بیگ کا گانا، ان کی ڈریسنگ اور پرفارمنس پسند نہ آئی جس پر انہوں نے پی سی بی کے تمام ایونٹس میں ان کی پرفارمنس پر سوال اٹھانا شروع کر دیے۔

شائقین کا کہنا تھا کہ وہ اس بات سے بے خبر ہیں کہ آئمہ بیگ کی پرفارمنس کے باوجود پی سی بی ہمیشہ گلوکارہ کو تمام انٹرنیشنل ایونٹس میں کیوں مدعو کرتا ہے، شاید وہ مفت میں پی سی بی ایونٹس میں شرکت کرتی ہوں گی۔

بہت سے مداحوں کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی گلوکار ہمیشہ اپنی ثقافت کی نمائندگی کرتے ہیں لیکن آئمہ بیگ مغربی لباس میں آئیں، انہوں نے پی سی بی ایونٹس کے طریقہ کار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بہت سے شاندار گلوکار ہیں جنہیں کبھی حکومت کی طرف سے مدعو نہیں کیا جاتا۔