لاہور: (دنیا نیوز) معروف اداکارہ حاجرہ یامین نے کہا ہے کہ کمر توڑ مہنگائی کےباوجود لوگ اس لیے بھی احتجاج کے لیے نہیں نکلتے کہ اس وقت ہر کوئی اپنی اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے۔
حاجرہ یامین حال ہی میں نجی ٹی وی کے شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شوبز سمیت ملکی حالات پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ مہنگائی کی وجہ سے کس حد تک ملک کے حالات بدتر ہو چکے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ کچھ دن قبل وہ ڈرامے کی شوٹنگ سے رات کو دیر سے واپس آ رہی تھیں کہ انہیں سڑکیں سنسان نظر آئیں۔
انہوں نے بتایا کہ پٹرول کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے خالی سڑکیں دیکھ کر انہیں محسوس ہوا کہ خاموشی اور سناٹے سے جلد ہی وہاں پر کچھ نامناسب واقعہ ہو جائے گا۔
حاجرہ یامین کے مطابق پٹرول کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے لوگوں کے چہروں پر خوف، مایوسی اور بے بسی چھا گئی ہے اور انہیں دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ ابھی کچھ نہ کچھ غلط ہوجائے گا۔
اداکارہ نے ملکی حالات اور مہنگائی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے سب حکمران اس وقت کے حالات کو تسلیم کرنے کے بجائے انکار کردیتے ہیں اور دعویٰ کرتے ہیں کہ ایسے خراب حالات بھی نہیں ہیں۔
حاجرہ یامین کے مطابق مہنگائی بڑھنے کی وجہ سے سڑکوں پر ایک خوف سا احساس چھایا ہوا ہے، ہر وقت ہر کسی کو لگتا ہے کہ کچھ نہ کچھ غلط ہوجائے گا۔
انہوں نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ عوام صرف ایک دن احتجاج کے طور پر پٹرول خریدنا بند کرے تو سب کو پتا چل جائے گا لیکن در حقیقت ایسا کبھی نہیں ہو سکتا۔
حاجرہ یامین نے دلیل دی کہ اس وقت ملک کا ہر ایک شہری اپنی اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے، اسے صرف اپنی فکر ہے، اس لیے ایسی صورت حال میں گروپ بندی یا احتجاج نہیں کیا جا سکتا۔