ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان باکس آفس پر دوبارہ دھماکے دار انٹری مارنے کو تیار ہیں، اداکار نے اپنی نئی فلم کا اعلان کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم نگری سے کچھ عرصہ وقفہ لینے کے بعد عامر خان نے اب اپنے اگلے پروجیکٹ کا اعلان کر دیا ہے، گزشتہ سال عامر خان نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں اداکاری سے تھوڑی دیر کے لیے بریک لینا چاہتا ہوں۔
تاہم اب بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عامر خان نے کہا کہ میں نے اپنی نئی فلم کے بارے عوامی طور پر بات نہیں کی، میں اب بھی آپ کو زیادہ کچھ نہیں بتا سکوں گا البتہ میں فلم کا ٹائٹل بتا سکتا ہوں۔
عامر خان نے بتایا کہ ان کی آنےو الی فلم کا نام ستارے زمین پر ہے، یہ فلم 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم تارے زمین پر کی تھیم سے ملتی جلتی ہوگی۔
واضح رہے کہ 2007 میں عامر خان کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم تارے زمین پر میں درشیل سفاری نے بچے ایشان اوستھی کا کردار ادا کیا تھا جو کہ ڈسلیکسیا جیسی بیماری کا شکار تھا۔
نئی فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ تارے زمین پر ایک جذباتی فلم تھی لیکن یہ نئی فلم آپ کو ہنسائے گی، یہ فلم آپ کو تفریح فراہم کرے گی۔