لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ ماورا حسین نے ذہنی مسائل سے متعلق لوگوں کو اپنی ذہنی صحت کا خیال رکھنے کا مفید مشورہ دیا۔
ماورا حسین نے اپنے بچپن کی تصاویر پر مبنی مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے تنہائی کے شکار افراد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان سے اظہار ہمدردی کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے زندگی کے آخری تین سال اپنی ذہنی صحت کو بہتر بنانے میں گزارے، کیوں کہ جس طرح کی وہ بچی تھیں انہیں اس طرح کا سکون اور وقت درکار تھا۔
انہوں نے مایوسی کے شکار افراد کو مشورہ دیا کہ وہ روشنیوں سے دور بھاگنے کے بجائے اپنے اندر کی روحانی روشنی اور خوشی کو تلاش کرکے زندگی کو پرسکون گزاریں۔
اداکارہ نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ انہیں بہت زیادہ کام کر کے خود کو تھکانا نہیں چاہیے۔
ماورا حسین نے لکھا کہ میں اپنی صحت یا خود پر توجہ دینے کے معاملے پر شرمسار نہیں ہوں اور اپنی ذات کا خیال رکھنا ہر کسی کی ترجیح ہونی چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر 2020 نے مجھے کچھ سکھایا اور سمجھایا تو وہ یہ تھا کہ اپنی ذات، وجود اور صحت کا خیال رکھنا چاہیے اور ہر کسی کو اپنی آواز سننی چاہیے۔